معروف تیگلو اداکار الو ارجن اور اداکارہ راشمیکا مندانہ پر فلمائی گئی فلم ’پُشپا 2 دی رُول‘ ریلیز سے پہلے ہی سرخیوں میں ہے اور فلم نے اپنی ریلیز سے قبل ہی ایک ہزار کروڑ کا بزنس کر لیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ’پُشپا 2‘ نے ریلیز سے پہلے کے کاروبار میں ایک ہزار کروڑ انڈین روپے کما لیے ہیں۔ فلم کے تخلیق کار روی شنکر نے فلم کی ریلیز سے پہلے کے کاروبار کی تفصیلات بتا دی ہیں۔
فلم کے تخلیق کاروں روی شنکر اور ناوین یرنینی نے حیدر آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ’پُشپا 2‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کیا۔ فلم سازوں کے مطابق ’پشپا 2‘ دسمبر کی پانچ تاریخ کو ریلیز کی جائے گی۔
اس پریس کانفرنس میں فلم سازوں کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ فلم ریلیز سے پہلے کے کاروبار کے تحت ایک ہزار کروڑ کما چکی ہے۔ اس کمائی کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے روی شنکر نے بتایا کہ فلم نے غیرسینمائی بنیادوں پر اب تک چار سو 25 کروڑ انڈین روپوں کا کاروبار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’جب اس میں سینمائی بنیادوں پر کی جانے والی کمائی جمع کی جائے تو فلم کی کُل کمائی کا ہجم تقریبا ایک ہزار کروڑ سے زائد بنتا ہے۔‘
میڈیا رپورٹ کے مطابق فلم بزنس کی تجزیاتی ویب سائٹ کا ماننا ہے کہ مجموعی طور پر پشپا 2 کے تھیٹریکل حقوق کا اندازہ 600 کروڑ تک ہے، اس کے او ٹی ٹی پلیٹ فارم رائٹس 275 کروڑ میں فروخت ہوئے جبکہ سیٹیلائٹ حقوق 85 کروڑ کے ہیں۔ فلم کے میوزک کے حقوق ممکنہ طور پر 65 کروڑ میں فروخت ہوا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پشپا 2 سے متعلق بتایا جارہا ہے کہ یہ بیک وقت 6 زبانوں میں ریلیز ہوگی جن میں تیلگو، ہندی، تامل، کناڈا، ملیالم اور بنگالی شامل ہیں