کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں خاتون اور بیٹی کو زخمی کرنے اور بیٹے کے قتل کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ اورنگی تھانے میں زخمی خاتون کے شوہر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ جس میں زخمی خاتون کے شوہر کے کزن سمیر کو نامزد کیا گیا، مقدمے میں قتل کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں،
میڈیا رپورٹ کے مطابق مدعی مقدمہ نے بتایاکہ وہ ویلڈنگ کا کام کرتا ہے۔ بدھ کو صبح 9 بجے حسب معمول اپنے کام پرچلا گیا تھا، میرا بھائی محمد انیل اوراس کی بیوی بھی اپنے کام پر چلے گئے تھے۔ مجھے بذریعہ فون پتا چلا کہ میری بیوی اوربچوں کا کسی نےگلا کاٹ دیا ہے اور ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں پہنچا تو میری بیوی رمشا، بیٹی علیزہ کوجناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا جب کہ میرا بیٹا سبحان اسپتال میں دوران علاج دم توڑچکا تھا۔
مدعی مقدمہ کے مطابق میں اپنی بیوی اوربیٹی کے پاس جناح اسپتال پہنچاتومیری بیوی رمشا نے بتایا کہ وہ بچوں کے ساتھ گھر میں اکیلی تھی۔ اسی دوران میرا ماموں زاد بھائی سمیرگھرآیا، میں نے سمیرکو چائے اورناشتہ دیا تواس نے میرے ساتھ زیادتی کرنے کی کوشش کی۔ میں نے اور دونوں بچوں نے سمیرکو پکڑنے کی کوشش کی، جس پر سمیرنے چہرے، سراورگردن پر گھر میں رکھی استری اٹھا کرمتعدد وار کیے۔ ۔ استری کے وارسے میری بیوی رمشا اور دونوں بچے سبحان اورعلیزہ شدید زخمی ہوگئے جب کہ سمیرموقع سے فرار ہوگیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اورنگی ٹاؤن ساڑھے 8 نمبر میں گھر سے خاتون سمیت 2 بچے زخمی حالت میں ملے تھے جن میں سے ایک بچہ اسپتال میں چل بسا تھا۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کے جسم پر چھریوں سے وار کیے گئے تھے۔