کراچی پریس کلب کے باہر ٹھیکداروں نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ کے خلاف دھرنا دیا۔ ٹھیکداروں نے چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ پر کرپشن الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین نے من پسند افراد کو ٹینڈر بانٹے۔
کراچی پریس کلب پر بزرگ ٹھیکدار میرمرادعلی ، شعیب احمد دیگر ٹھیکدار دھرنا دینے والوں میں شامل تھے۔ ٹھیکیدار میر مراد علی نے کہا کہ گزشتہ اداور میں ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے سرکاری ٹینڈرز میں بے ضابطگیاں کیں اور من پسند ٹھیکے داروں کو نوازا۔
ٹھیکدار میرمراد علی نے الزام عائد کیا کہ ٹینڈرز کی ڈپازٹ کی کروڑوں روپے کی رقم بھی قومی خزانے میں جمع نہیں کروائی گئی۔ انہوں نے محکمہ بلدیات سندھ سے مطالبہ کیا کہ طارق بلوچ کے خلاف شفاف تحقیقات کرائیں اور جعلی ٹینڈرز کو موخر کرکے نئے ٹینڈر کے اشتہارات شائع کیے جائیں۔ ٹھیکیداروں نے پریس کلب پر احتجاج کے دوران منفرد انداز اپناتے ہوئے ڈھول بجا کر آنے جانے والوں کی توجہ مبذول کروائی۔