سینیٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے آئینی ترمیمی بل کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ترمیم کے حق میں 65 ووٹ پڑے جبکہ چار سینیٹرز نے مخالفت کی۔
سینیٹ آف پاکستان کا اجلاس چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں منعقد ہوا اجلاس کے آغاز میں وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے سینیٹ کی معمول کی کارروائی معطل کرنے کی قرارداد پیش کی جسے منظور کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے 26 ویں آئینی ترمیم کا بل سینیٹ میں پیش کیا۔ ایوان نے آئینی ترمیم کی تمام 22 شقوں کی شق وارمنظوری دی اور بعد ازاں آئینی ترمیم کی مجموعی منظوری ہاؤس میں ڈویژن کے عمل سے ہوئی۔
آئینی ترامیم کے حق میں حکومتی ووٹ 58، بی این پی مینگل کے 2، جے یو آئی کے 5 ووٹ شامل ہیں۔ترمیم کی شق وار منظوری کے دوران پی ٹی آئی، سنی اتحاد کونسل اور ایم ڈبیلو ایم کے ارکان ایوان سے چلے گئے۔
حکومت کو سینیٹ میں ترمیم کیلئے دوتہائی اکثریت چاہیے اور اسے 64 ووٹ درکار تھے ۔