وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے میٹرک بورڈ کے امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے لیے انعامات کا اعلان کیا ہے۔وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے دہلی اسکول اولڈ بوائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کے دوران پہلی پوزیشن کو 2 لاکھ روپے، سیکنڈ پوزیشن کو ڈیڑھ لاکھ اور تیسری پوزیشن والی طالبہ کو ایک لاکھ دینے کا اعلان کیا۔
کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج نارتھ ناظم آباد کے آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی تقریب میں طلبہ و طالبات، اساتذہ، تعلیمی افسران و دیگر نے شرکت کی۔ وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے کہا سرکاری اسکول کے بچے نے پوزیشن حاصل کر کے ایک مثال قائم کر دی ہے۔
وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ بورڈ امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم حافظ عبدالرافع کی حوصلہ افزائی کی ۔وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ 28 سال کے بعد سرکاری اسکول کی پوزیشن سے ایک نئی شروعات ہوئی ہے، میں پرائیویٹ اسکول کے خلاف نہیں ہوں مگر والدین کے حق میں ضرور ہوں، محکمہ تعلیم روزگار دینے کا ذریعہ نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ کراچی سمیت پورے سندھ میں اسکول اس دھرتی کے صاحب حیثیت لوگوں نے بنائے، سند مدرسہ، ڈاؤ یونیورسٹی جیسے ادارے یہاں کے لوگوں نے بنائے، انگریزوں نے قانون بنایا کہ ادارے ان کے نام سے ہونے چاہئیں، اسی وجہ سے ان ناموں سے ادارے چلے۔ ان کا کہنا تھا کہ مفت تعلیم کے آئینی وعدے کے باوجود بچے پیسے دے کے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ان اسکولوں کو اون کرنا ہوگا جن میں غریبوں کے بچے پڑھ رہے ہیں۔