پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ڈینگی وبا بے قابو ہوگئی۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ ڈینگی میں مبتلا مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ڈینگی کے 324 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔
شہرقائد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس میں مبتلا مذید 2 افراد انتقال کرگئے۔ جسکے بعد رواں سال کراچی میں ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔
کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 324 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں اب تک ڈینگی کے 4 ہزار 676 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔
ملک کے سب سے بڑے شہر میں ڈینگی کی سنگین صورتحال پر محکمہ صحت سندھ نے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی وائرس کے مریضوں کے لئے الگ وارڈ مختص کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں اور اسپتالوں کو 24گھنٹوں میں وارڈ قائم کرکے عملدرآمد کی رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ نے ڈینگی وائرس کے اعداد و شمار کی درست رپورٹنگ کے لئے آن لائن پورٹل بھی قائم کر دیا ہے اور ایک لیٹر کے ذریعے سندھ بھر کے تمام نجی اسپتالوں و لیبارٹریوں کو آگاہ کیا ہے کہ ویکٹر بورن ڈیزیز سرویلینس سسٹم آن لائن پورٹل پر کیسز اور ہلاکتوں کو رپورٹ کریں۔
ڈینگی بخار دنیا بھر میں مچھروں سے سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے اور یہ 4 اقسام کے ڈینگی وائرسز کا نتیجہ ہوتا ہے۔
ڈینگی کے مرض سے بچاؤ کے لیے سب سے اہم چیز یہ ہے کہ کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیا جائے، عام لوگوں کی توجہ صرف گندے پانی کی جانب جاتی ہے لیکن اس مرض کو پھیلانے میں اہم ترین کردار صاف پانی ادا کرتا ہے۔