ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مسلسل دو شکستوں کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی اگر مگر کا شکار ہوگئی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کو فائنل فور ٹیموں تک پہنچنے کیلئے اپنے اگلے تینوں میچز جیتنے کے ساتھ دیگر ٹیموں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی اب تک مایوس کن رہی ہے۔ قومی ٹیم ورلڈکپ میں اب تک ایک بھی میچ نہیں جیت سکی ہے۔ گرین شرٹس کو اپنے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف آخری گیند پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسرے میچ میں زمبابوے کے خلاف بھی پاکستانی ٹیم فنش لائن عبور نہ کرسکی اور منزل کے قریب پہنچ کر ہمت ہار گئی۔ زمبابوے نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے ہرایا۔
پاکستانی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ ٹو میں شامل ہے۔ جس میں تمام ٹیمیں دو دو میچز کھیل چکی ہیں۔ بھارتی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے تین تین پوائنٹس ہیں لیکن بہتر رن ریٹ کے باعث جنوبی افریقہ کا دوسرا نمبر ہے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم ورلڈکپ میں دو پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔ پاکستان اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکی ہیں۔ پاکستانی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں اور نیدرلینڈز کی ٹیم سب سے آخری چھٹے نمبر پر ہے۔
پاکستان ٹیم کیلئے سب سے پہلا ہدف تو یہ ہے کہ اس نے اب ہارنا نہیں ہے اور اگلے تینوں میچز میں نیدرلینڈز، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کو اچھے مارجن سے شکست دینی ہے۔
گروپ کی تمام ٹیمیں اب اتوار کو ایکشن میں ہوں گی ۔ بنگلہ دیش کا مقابلہ زمبابوے، پاکستان کا مقابلہ نیدرلینڈز اور بھارت کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔ پاکستان کیلئے بہتر یہ ہی ہوگا کہ وہ نیدرلینڈز کو شکست دے جبکہ بھارت اور بنگلہ دیش بھی اپنے اپنے میچز جیت لیں۔
پاکستان کو اگلے میچز میں امید کرنی ہے کہ نیدرلینڈز زمبابوے اور بھارت بنگلا دیش کو ہرائے اور پھر پاکستان جنوبی افریقہ کو شکست دے اور گروپ کے آخری میچ میں پاکستان بنگلہ دیش کو شکست دینے کے ساتھ ساتھ امید کرے گا کہ زمبابوے بھارت کے خلاف بھی اپ سیٹ نہ کردے۔
پاکستان کے تمام اگر مگر کا کافی حد تک انحصار اتوار کو بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ پر ہوگا، اگر اس میچ میں بھارت جیتا تو پاکستان کیلئے امید کی کرن زیادہ روشن رہے گی لیکن اگر جنوبی افریقا نے بھارت کو شکست دی پھر پاکستان کو امید لگانا پڑے گی کہ نیدرلینڈز جنوبی افریقا کے خلاف اپ سیٹ کردے اور بھارت کو بھی زمبابوے سے شکست ہوجائے ۔