دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر اب تک کی سب سے بڑی تبدیل کرتے ہوئے ایک ہی ایپلی کیشن پر دو اکاؤنٹ چلانے کے فیچر کو پیش کردیا گیا۔
اب تک ہر کوئی ایک ہی موبائل پر ایک واٹس ایپ اور ایک بزنس واٹس ایپ چلانے کے اہل تھا لیکن اب صارفین ایک ہی واٹس ایپ پر کم از کم دو مختلف نمبرز کے اکاؤنٹ چلا سکیں گے۔
واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا نے 19 اکتوبر کو اپنے بلاگ میں تصدیق کی کہ ایک ہی ایپلی کیشن میں دو اکاؤنٹس کو چلانے کا فیچر پیش کردیا گیا۔ مذکورہ فیچر فوری طور پر تمام صارفین کو نظر نہیں آئے گا، تاہم ترتیب وار پاکستان سمیت دنیا بھر کے صارفین کو اس تک رسائی دی جائے گی۔
2️⃣ is better than 1️⃣ we’re rolling out the ability to add a second account to your WhatsApp on Android. pic.twitter.com/tYvuUPWjsv
— WhatsApp (@WhatsApp) October 19, 2023
مذکورہ فیچر کے حوالے سے ابتدائی طور پر رواں برس جون میں خبر سامنے آئی تھی کہ کمپنی اس پر کام کر رہی ہے بعد ازاں اگست میں اس کی محدود آزمائش شروع کی گئی تھی۔
گزشتہ ماہ ستمبر کے شروع میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ مذکورہ فیچر کی وسیع پیمانے پر آزمائش شروع کردی گئی اور اب اسے عام صارفین کے لیے پیش کردیا گیا۔
مذکورہ فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو اپنے پروفائیل میں جاکر دوسرے اکاؤنٹ کی تفصیلات شامل کرنا ہوں گی۔ صارفین واٹس ایپ سیٹنگ میں جاکر اپنے نام کے سامنے بنے تیر کے نشان کو کلک کریں گے ان سے دوسرے اکاؤنٹ کی تفصیلات پوچھی جائیں گی اور وہاں نمبر شامل کرنے کے بعد دوسرا اکاؤنٹ بنایا جا سکے گا۔