سندھ حکومت نے عید کی چھٹیوں کے بعد صوبے کے تمام داخلی راستوں پر پولیو مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کے مطابق صوبے میں داخل ہونے والے ٹرین، بس اور کوچ میں سوار 5 سال کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
سہیل راجپوت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 15 ماہ بعد پولیو وائرس کا کیس رپورٹ ہونا ظاہر کرتا ہے کہ پولیو وائرس کے خلاف ہمیں مزید متحرک ہونا پڑے گا۔ کہا عید کی چھٹیوں کے بعد دیگر صوبوں سے لوگ بڑی تعداد میں سندھ میں آئیں گے اس لئے صوبے کے تمام داخلی راستوں پر پولیو مہم موثر انداز میں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سہیل راجپوت کا کہنا ہے کہ سندھ نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، رینجرز اور محکمہ ٹرانسپورٹ پولیو ٹیم سے تعاون کریں اور تمام بڑے بس اڈوں اور ٹول پلازہ پر بھی پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں۔
چیف سیکریٹری سندھ نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ پولیو ٹیم کے ساتھ تعاون کرے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کا ساتھ دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ گزشتہ 2 سال کے دوران سندھ میں کوئی پولیو کا کیس رپورٹ نہیں ہوا، رواں ماہ صوبے میں پولیو مہم بھی شروع کی جائے گی۔