حکومت سندھ کا صوبے بھر میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی زمینیں اور عمارتیں ایک ماہ میں خالی کروانے کا فیصلہ

حکومت سندھ نے صوبے بھر میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی زمینیں اور عمارتیں ایک ماہ کے اندر خالی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ۔ یہ فیصلہ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے 12ویں اجلاس میں کیا گیا۔ بورڈ نے فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیرٹرانسپورٹ و اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کی سربراہی میں منعقد ہونے والے اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کمال دایو، ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ، پی این ڈی حکام اور دیگر حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی زمینیں اور عمارتیں خالی کروانے کے علاوہ دیگر فیصلے بھی کئے گئے۔ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے دفاتر ڈویژنل سطح پر قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی جبکہ کانٹریکٹ پر مقرر ملازمین کے کانٹریکٹس میں توسیع ایچ آر کمیٹی سے مشروط کی گئی۔

اجلاس میں یلو لائن بی آر ٹی کے لاٹ ون اور لاٹ ٹو کے کانٹریکٹس کے اجراع کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ ٹرانسپورٹ کے تمام پروجیکٹس کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتی ہے، تاہم نگران دور حکومت میں بی آر ٹی منصوبوں پر کام روک دیا گیا تھا جس کی وجہ سے منصوبوں میں تاخیر ہوئی۔

اجلاس میں جام صادق پل پر جاری ترقیاتی کام اور یلو لائن کے لئے ڈیپوز کے قیام پر بھی گفتگو کی گئی۔ ایس ایم ٹی اے بورڈ اجلاس میں ای وی پالیسی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ وزارت توانائی سے رجوع کرکے آئندہ بورڈ اجلاس میں رپورٹ جمع کروائیں گے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts