لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے شفقت محمود، حماد اظہر اور یاسمین راشد سمیت پی ٹی آئی کے 12 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
پولیس نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے الزام میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کررکھا ہے جس کی سماعت انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ہوئی۔
دورانِ سماعت پولیس نے پی ٹی آئی کے 12 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست پر زبیر خان نیازی، میاں محمود الرشید، شفقت محمود، یاسمین راشد، حماد اظہر، اعجاز چوہدری،میاں اسلم اقبال، مراد راس، یاسر گیلانی، امتیاز محمود شیخ، ندیم عباس اور عندلیب عباس کے ناقابل وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
واضح رہے 25 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ کے سلسلے میں لاہور سے بھی اسلام آباد کی جانب قافلے نکلے۔ جسکے نتیجے میں لانگ مارچ کے شرکاء اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا۔
لاہور میں مختلف مقامات پر دن بھر علاقہ میدان جنگ بنارہا جہاں مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ اور پولیس کی جانب شیلنگ کی گئی۔
پی ٹی آئی کے مختلف رہنما بھی قافلوں کی قیادت کرتے رہے۔ یاسمین راشد، عندلیب عباس کو لانگ مارچ کے دن پولیس نے گرفتار کیا لیکن بعد میں رہا کردیا گیا تھا۔