خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے جلال الدین کرکٹ اکیڈمی کراچی میں گرلز کپ کراچی کا انعقاد کیا گیا۔ آسٹریلوی ہائی کمیشن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے لڑکیوں کے کرکٹ کلینک اور ٹورنامنٹ کو منعقد کیا ہے۔
خواتین کیلئے منعقد کئے گئے چار روزہ کرکٹ کوچنگ کلینک میں لڑکیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ خواتین کے کرکٹ ٹورنامنٹ کا مقصد صنفی مساوات کو فروغ دینا اور لڑکیوں کو پاکستان کے پسندیدہ کھیل کرکٹ کے ذریعے بااختیار بنانا تھا۔
پاکستان میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز کا اس موقع پر کہنا تھا کہ آسٹریلوی ہائی کمیشن پاکستان میں لڑکیوں کی کرکٹ کو اسپانسر کررہا ہے۔ اسکا آغاز اسلام آباد سے ہوا جہاں پہلا ٹورنامنٹ منعقد ہوا جسکے بعد اسے لاہور اور پھر اب کراچی تک پھیلا دیا گیا ہے۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر کے مطابق پاکستان میں کرکٹ کا کھیل جنون کی حد تک پسند کیا جاتا ہے۔ اس لئے خواتین کے ٹورنامنٹ کی حمایت کرکے خوشی ہوئی۔ کرکٹ اور دیگر کھیل ماضی کی روایتوں اور رکاوٹوں کو ختم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ جب بھی لڑکیاں کرکٹ میں کوئی باؤنڈری لگاتی ہیں یا کیچ لیتی ہیں وہ برابری کی طرف قدم بڑھاتی ہیں۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے کراچی کے ناصرہ پبلک اسکول، ایلفا گرلز اسکول، اسماعیل اکیڈمی اور فیوچر اکیڈمی کا خواتین کے ٹورنامنٹ میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ نیل ہاکنز نے جلال الدین کرکٹ اکیڈمی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون پر انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔
پاکستان کے سابق کرکٹر جلال الدین نے آسٹریلوی ہائی کمیشن کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ وہ ہمیشہ گراس روٹ کرکٹ کی ترقی کی حمایت کرتے رہیں گے۔ انہیں امید ہے کہ گرلز کرکٹ کپ کیلئے آسٹریلوی ہائی کمیشن کے ساتھ یہ اقدام پاکستان میں خواتین کرکٹ کو ترقی دینے میں اہم ثابت ہوگا۔