کراچی کے علاقے کورنگی میں بلال چورنگی کے قریب فائربریگیڈ کے دفتر میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کی جسکے نتیجے میں فائر بریگیڈ کے 2 ملازم جاں بحق ہوگئے۔ ایک ملازم زخمی ہوا جبکہ ایک ملازم بھاگ کر جان بچانے میں کامیاب رہا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ایمبولینسیں وہاں پہنچ گئیں، لاشوں اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 35 سالہ محبوب اور 55 سالہ عامر کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے کہ ملزمان واردات کے بعد باآسانی فرار ہوگئے۔ زخمی فائر مین محمد ارشاد نے بتایا کہ ہمیں اکٹھا کرکے نشانہ بنایا گیا۔ ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد 2 تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پورے فائر اسٹیشن میں کوئی سی سی ٹی وی کیمرہ نصب نہیں ہے، اطراف سے سی سی ٹی وی حاصل کرنے کی کوشش کی جار رہی ہے جبکہ جائے وقوعہ سے گولیوں کے 3 خول اور 1 گولی ملی ہے۔
بھاگ کر جان بچانے والے فائر بريگیڈ اہلکار ذیشان نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزموں نے کنٹرول روم میں موجود محبوب کے سر پر پستول رکھی اور کلمہ پڑھنے کا کہا، جب کہ مقتول عامر نے ایک ملزم کو قابو کرنے کی کوشش کی تو اسے بھی گولی مار کر قتل کردیا گیا۔