کراچی کے ایک معمر شہری کو موٹرسائیکل پر خاتون کو ساتھ بٹھاکر سڑک پر کرتب بازی کرنا مہنگا پڑگیا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ٹریفک پولیس نے شہری کو گرفتار کرلیا اور ایف آئی آر بھی درج کرلی۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک معمر شخص کو ایک خاتون اور شیرخوار بچے کو ساتھ بٹھاکر موٹرسائیکل پر کرتب کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
معمر شخص ایک خاتون اور شیر خوار بچے کے ہمراہ کراچی کی مصروف شاہراہ راشد منہاس روڈ اور سہراب گوٹھ فلائی اوور پر حد سے زیادہ رفتار سے موٹر سائیکل چلا رہا ہے اور اس دوران مختلف کرتب دکھانے کی کوشش کررہا تھا۔
کراچی ٹریفک پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل ٹریفک پولیس کراچی احمد نواز نے وائرل ہونے والی ویڈیو کا فوری نوٹس لیا اور ویڈیو میں نظر آنے والے موٹر سائیکل سوار شخص کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔
گزشتہ روز مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک عمر رسیدہ موٹر سائیکل سوار شخص ایک عورت اور چھوٹے بچے کے ہمراہ مصروف شاہراہ پر دیوانہ وار اور مکمل طور پر خطرناک اسٹنٹ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ pic.twitter.com/VOHO4BX0Xt
— Karachi Traffic Police (@Khitrafficpol) November 20, 2022
ہدایات کی روشنی میں ٹریفک سیکشن گلبرگ نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ شخص کو گرفتار کرکے اس کے خلاف تیز رفتاری غفلت اور لاپرواہی سے عوامی شاہراہ پر موٹر سائیکل چلانے کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کروائی۔
کراچی ٹریفک پولیس نے عوام کو یاد دہانی کرائی کہ غفلت، لاپرواہی یا تیزرفتاری سے موٹر سائیکل یا گاڑی چلانا ناصرف قابل سزا جرم ہے بلکہ دوسروں کی زندگیوں کے ساتھ ساتھ آپ کے لیے بھی جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ احتیاط کیجئے اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیجئے۔