کراچی میں بسوں کی کمی اور خستہ حال پبلک ٹرانسپورٹ کا معاملہ عدالت پہنچ گیا۔ سندھ ہائی کورٹ نے سندھ حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
سندھ ہائی کورٹ میں کراچی میں بسوں کی کمی اور خستہ حال پبلک ٹرانسپورٹ کے معاملے پر دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی شدید کمی ہے۔
ایاز انصاری ایڈوکیٹ کا عدالے میں کہنا تھا کہ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کا انتہائی برا حال ہے۔ جو بسیں سڑکوں پر چل رہی ہیں وہ انتہائی خستہ حال ہیں۔ کھٹارا بسوں کی وجہ سے آئے روز حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل ایاز انصاری ایڈوکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ سندھ حکومت کو معیاری پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کا حکم دیا جائے۔
معاملے پر سرکاری وکیل نے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت مانگ لی۔ جسٹس ندیم اختر کا کہنا تھا کہ کونسی راکٹ سائنس ہے جو جواب جمع کرانے میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے ؟
عدالت نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ ،سندھ حکومت اور دیگر سے رپورٹ طلب کرلی۔ جسٹس ندیم اختر نے فریقین کو 8 دسمبر کو تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔