پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ڈینگی وبا بے قابو ہوگئی۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ ڈینگی میں مبتلا مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ڈینگی کے 115 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔
مون سون بارشوں کے بعد جہاں ایک جانب سیلاب نے تباہی مچائی ہوئی ہے وہیں ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی ڈینگی وبا سے متاثر ہورہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں ڈینگی کے 125 کیس رپورٹ ہوئے جس میں سے 115 کا تعلق کراچی سے ہے۔
محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثر ضلع شرقی ہوا ہے، وہاں 35 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ضلع وسطی 32، ضلع جنوبی 21، ضلع کورنگی17، ضلع ملیر 4 ، ضلع غربی 3 اور کیماڑی میں 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ رواں ماہ یکم ستمبر سے آج تک کراچی میں 1066 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ سندھ بھر میں 3 ہزار 667 کیسز رپورٹ ہوئے۔
گزشتہ روز ڈینگی کے باعث کراچی میں ایک ہی دن میں 7 اموات ہوئی تھیں جبکہ محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ کی مطابق شہر میں اب تک ڈینگی سے 9 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
ڈینگی بخار دنیا بھر میں مچھروں سے سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے اور یہ 4 اقسام کے ڈینگی وائرسز کا نتیجہ ہوتا ہے۔
ڈینگی کے مرض سے بچاؤ کے لیے سب سے اہم چیز یہ ہے کہ کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیا جائے، عام لوگوں کی توجہ صرف گندے پانی کی جانب جاتی ہے لیکن اس مرض کو پھیلانے میں اہم ترین کردار صاف پانی ادا کرتا ہے۔
مچھر دانیوں اور اسپرے کا استعمال لازمی ہے کیوں کہ ایک مرتبہ یہ مرض ہوجائے تو اس وائرس کو جسم سے ختم ہونے میں دو سے تین ہفتوں تک کا وقت لگ سکتا ہے۔