پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کے خلاف کراچی میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان کردیا۔ احتجاجی مظاہرہ الیکشن کمیشن آفس پر کیا جائے گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی زیدی نے اعلان کیا کہ انصاف ہاؤس سے الیکشن کمیشن آفس تک پہلے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جسکے بعد الیکشن کمیشن آفس کے سامنے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی کا انصاف ہاؤس کراچی سے الیکشن کمیشن تک احتجاجی مظاہرے کا اعلان pic.twitter.com/omOVfZBsX2
— PTI (@PTIofficial) October 21, 2022
علی زیدی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے ساتھ عوام کی بھی بڑی تعداد انصاف ہاؤس پہنچ رہی ہے۔ جہاں سے احتجاجی ریلی کا آغاز کیا جائے گا۔
علی زیدی نے سندھ حکومت اور پولیس کو تنبیہ کی کہ انصاف ہاؤس آنے اور احتجاج میں شامل ہونے والوں کو روکا نہ جائے۔ طاقت کا استعمال کیا گیا تو پھر وہ ذمہ دار نہیں ہوں گے اور احتجاج کا دائرہ پورے شہر تک پھیل سکتا ہے۔
واضح رہے توشہ خان کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نااہل قرار دینے کا فیصلہ سنایا ہے۔ پی ٹی آئی نے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا بھی اعلان کردیا ہے۔