پاکستان سپرلیگ کے آٹھویں سیزن کا ملتان اور کراچی کے میدانوں پر میلہ سج چکا ہے۔ میگاایونٹ میں آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
پی ایس ایل ایٹ میں سرفرازاحمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آج اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ ملتان سلطانز کے ساتھ شیڈول ہے۔ یہ میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام چھ بجے شروع ہوگا۔
ملتان سلطانز کی ٹیم پی ایس ایل ایٹ میں اپنا دوسرا میچ کھیلے گی۔ لیگ کے افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز کو دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست ہوئی تھی۔
پاکستان سپرلیگ کی تاریخ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں 9 میچز میں مدمقابل آچکی ہیں۔ دونوں کے درمیان اب تک کھیلے گئے میچز میں ملتان سلطانز کو معمولی برتری حاصل ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گئے 9 میچز میں سے 4 میں فتوحات حاصل کی ہیں جبکہ 5 میچز میں کامیابی ملتان سلطانز کی ٹیم کا مقدر بنی ہے۔