ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ایک اور بڑا اپ سیٹ ہوگیا۔ آئرلینڈ نے میگاایونٹ جیتنے کیلئے فیوورٹ انگلینڈ کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 5 رنز سے ہرادیا۔
میلبرن میں انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان میچ بارش سے متاثر رہا اور میچ کا آغاز تاخیر سے ہوا۔ آئرلینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور میں 157 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
آئرلینڈ کے کپتان اینڈی بلبرنی 62 رنز بناکر نمایاں بیٹر رہے۔ لورکان ٹکر نے 34 رنز بنائے۔ انگلینڈ کے مارک ووڈ اور لیام لیونگسٹن نے 3 ، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں انگلینڈ نے 14 اعشاریہ 3 اوورز میں 5 وکٹوں پر 105 رنزبنائے تھے کہ میچ بارش کے باعث روکنا پڑا اور مقررہ وقت ختم ہونے کے باعث امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت انگلینڈ کی ٹیم 14.3 اوورز میں مقررہ رنز سے 5 رنز پیچھے رہی اور اسطرح آئرلینڈ نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 5 رنز سے میچ جیت لیا۔
انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر صفر ۔ ایلکس ہیلز 7، ڈیوڈ ملان 35، بین اسٹوکس 6، ہیری بروک 18 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ معین علی 24 اور لیام لیونگسٹون 1 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
آئرلینڈ کے جوش لٹل نے 2 ، بیری میکارتھی ، فیئون ہینڈ اور جارج ڈوک ریل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔