کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران موسم گرم اور خشک رہنےکا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہرقائد میں گرم ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کردی ہے۔
معمول سے زیادہ عرصے تک سردیاں رہنے کے بعد رخصت ہو گئیں اور گرمی نے ڈیرے ڈالنا شروع کر دیے ہیں۔ کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صبح 11 بجے کراچی کا درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 14 فیصد جب کہ 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک گرمی کی شدت کا احساس زیادہ رہے گا جب کہ اگلے چند روز تک شہر کا موسم گرم اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دن میں شمال مشرق اور شمال مغرب سے گرم اور خشک ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ شام میں سمندری ہوائیں چل سکتی ہیں۔