کراچی میں قائد آباد فلائی اوور کے نیچے ٹریفک پولیس اہلکاروں نے مبینہ طور پر شہری پر شدید تشدد کیا، واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے ڈی آئی جی ٹریفک کو انکوائری کی ہدایت کی ہے۔
کراچی پولیس چیف نے تشدد کے واقعے میں ملوث اہلکاروں کے متعلق حقائق پر مبنی تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے،انکوائری رپورٹ موصول ہونے پر ذمہ داروں کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
واضح رہے گزشتہ روز قائدآباد فلائی اوور کے نیچے 4 ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہری پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
ویڈیو میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ہمراہ ایک اور شخص بھی شہری پر تشدد کر رہا ہے، ٹریفک پولیس اہلکار شہری کو لاتوں اور مکوں سے مار رہے ہیں۔
ترجمان کراچی پولیس چیف کے مطابق واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جاوید عالم اوڈھو نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کو فوری انکوائری کی ہدایت کی ہے۔