بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دینے کا ایک اور فراڈ سامنے آگیا۔ جعل ساز گروپ نے ٹیکسٹائل ایکسپورٹر سے فراڈ کے ذریعے 11 لاکھ روپے لوٹ لئے۔ نقصان کا شکار ہونے والا شخص عدالت پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکسٹائل ایکسپورٹر محمداقبال کھیمانی کے ساتھ جعل ساز گروپ نے فون کال کے ذریعے فراڈ کیا۔ محمداقبال کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ انہیں مختلف نمبرز سے کالز موصول ہوئیں۔
دبئی میں ملازمت، کرائے کی دوکانیں اور ویزہ سروس دینے کا تعارف کروایا گیا۔ یقین دہانی کے لیے پاکستانی بینکوں کی تفصیلات بھی دی گئیں۔ درخواست گزار کے وکیل امداد خان ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار نے چھ بینکس کے ذریعے گیارہ لاکھ روپے ادا کردے۔
رقم لینے کے بعد کوئی جواب نہیں دے رہا ہے۔ یہ سب فراڈ اسلام آباد، لاہور اور راولپنڈی سے چلایا جا رہا ہے، ایف آئی اے، اسٹیٹ بینک سب کو شکایات کر چکے۔ معاملے پر شفاف تحقیقات اور رقم واپسی کا حکم دیا جائے۔ نجی بینکس پر اکاؤنٹس کھولنے پر بینکوں کے خلاف بھی تحقیقات کی جائیں۔
سندھ ہائی کورٹ نے سیکٹریری داخلہ، ڈائریکٹر سائبر کرائم ایف آئی اے، اسٹیٹ بینک، اور نجی بینکس کو بھی نوٹس جاری کردئے۔