سندھ ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں صوبائی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کا نام مستقل ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے خارج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ میں آمدن سےزائد اثاثےبنانے کے کیس میں نظر ثانی درخواست کی سماعت جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی اور شرجیل میمن کی دائر کی گئی اپیل پر فیصلہ سنادیا۔
شرجیل میمن کے وکیل نے مؤقف اپنایا تھا کہ شرجیل میمن صوبائی وزیر ہیں انہیں سرکاری کام کے سلسلے میں بار بار ملک سے جانا پڑتا ہے۔ ان کا نام مستقل ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔
سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل میمن کی اپیل منظور کرتے ہوئے انکا نام مستقل طور پر ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم دیا۔ شرجیل میمن کی عدالت میں دوسرے کیس میں بھی نظرثانی اپیل منظور ہوگئی ہے۔
اس سے قبل شرجیل میمن اور دیگر کے خلاف محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6 ارب روپے کرپشن کے معاملہ پر سندھ ہائی کورٹ نے پیر 3 اکتوبر کو شرجیل میمن کی نظر ثانی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کا نام مستقل ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔