کراچی کے قریب گہرے سمندر میں شکار کے لیے گئے ماہی گیروں کی کشتی کو حادثہ پیش آیا، کشتی پر سوار تمام 8 ماہی گیر اپنی مدد آپ کے تحت الٹی ہوئی کشتی کے پیٹ پر سوار ہو کر ساحل تک پہنچ گئے۔
فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کراچی کے سیکورٹی انچارج ناصر بونیری کے مطابق کراچی کے 7 ماہی گیر المصطفیٰ نامی چھوٹی لانچ نمبر 17205 بی پر سوار ہوکر گزشتہ رات گہرے سمندر میں گئے تھے۔
ماہی گیری کے لیے کراچی کے قریبی گہرے سمندر تک جانے والی کشتی کو حادثہ پیش آیا۔ طوفانی لہر کے جھٹکے میں ان کی لانچ الٹ گئی۔
ناصر بونیری نے بتایا کہ تمام ماہی گیر ڈوب رہے تھے کہ اپنی مدد آپ کے تحت الٹی ہوئی اسی کشتی کے پیٹ پر سوار ہو گئے اور سخت جدوجہد کے بعد آج صبح کلفٹن کے قریبی ساحل تک پہنچ گئے۔
لانچ المصطفیٰ کے ناخدا راشد، شیراز، مرتضیٰ، کارو، سلمان، علی اکبر، محسن اور رفیق نے ساحل پر پہنچ کر اپنے عزیز و اقارب کو بتایا جنہوں نے انہیں ہنگامی امداد فراہم کی۔