پاکستان میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے، ملک کے مختلف حصوں میں انٹرنیٹ سروس میں خلل پیدا ہوا ہے۔ سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث پاکستان میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ٹرانس ورلڈ ہوم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیرسٹیریل نیٹ ورک میں فائبر کیبل کٹنے کی وجہ سے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز میں خلل پیدا ہوا ہے۔
مصر کے قریب سوئز کینال اور بحیرہ روم پر خراب ہونے والے کیبل سسٹم نے دیگر ممالک میں بھی انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی ہے۔
ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس کے مطابق کیبل سمندر کی گہرائی میں موجود تھی لیکن مصر میں تقریباً 480 کلومیٹر کا ایک ٹکڑا خشکی پر تھا تاکہ سوئیز کینال میں بحری جہازوں کی نقل و حرکت کی وجہ سے پریشانی سے بچا جا سکے۔ جس میں خرابی پیدا ہوئی ہے۔
ماہرین نے تکینیکی خرابی کو دور کرنے کیلئے کام شروع کردیا ہے۔ ٹرانس ورلڈ کے اہلکار کا کہنا ہے کہ زمین پر مرمت کا کام ،سمندر کی گہرائی میں نقصان کا سراغ لگانے کے مقابلے میں آسان ہے۔
اس وقت پاکستان سے منسلک سات سب میرین انٹرنیٹ کیبل سسٹم ہیں جن میں سے چار پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹیڈ، دو ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس اور ایک کیبل سسٹم جو حال ہی میں آن لائن آیا ہے، جو چینی کمپنی کی ملکیت ہے۔