کراچی کے شہری 2022 میں آوارہ کتوں سے پریشان رہے۔ سال 2022 میں 26 ہزار سے زائد کتوں کے کاٹنے کے باعث شہریوں کے زخمی ہونے کے کیسز رپورٹ ہوئے۔
کراچی میں رواں سال 26 ہزار سے زائد افراد کتوں کے کاٹنے کے باعث اسپتال لائے گئے۔ ملک کے سب سے بڑے شہر میں آوارہ کتوں کا راج سال بھر ہی رہا جس سے نمٹنے کیلئے شہری انتظامیہ ناکام رہی۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال کتوں کے کاٹنے کے باعث 9 ہزار 829 افراد جناح اسپتال لائےگئے جب کہ سول اسپتال میں 7 ہزار 733، انڈس اسپتال میں 9 ہزار افراد کتے کے کاٹنے کے باعث زخمی حالت میں لائےگئے۔
حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ متاثرہ افراد میں 83.6 فیصد مرد اور 16.4 فیصد خواتین شامل ہیں۔ اسپتال حکام کے مطابق بچے بھی کتوں کے کاٹنے کا شکار بنے،کتے کے کاٹنے سے متاثر 32 فیصد افراد کی عمر 14 سال تک ہے جب کہ 68 فیصد متاثرین کی عمریں 14سال سے زائد ہے۔
حکام نے بتایا کہ رواں سال زخمی ہونے والے 78 فیصد افراد آوارہ کتوں کا شکار ہوئے اور 22 فیصد افراد پالتو کتے یا بلی کےکاٹنے سے زخمی ہوئے۔
کراچی میں نومبر اور دسمبر میں کتے کے کاٹنے کے کیسز میں 30 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا جب کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں جولائی سے اب تک 781 افرادکتے کے کاٹنے سے متاثر ہوئے۔ دوسری جانب ترجمان محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ میں اینٹی ریبیز ویکسین کی وافر مقدار موجود ہے۔