ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گروپ ٹو کے اہم میچ میں بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد زمبابوے کو 3 رنز سے شکست دے دی۔ زمبابوے کی شکست کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں برقرار رہیں۔
برسبین میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 150 رنز بنائے۔ نجم الحسین 71 رنز بناکر نمایاں رہے۔ عفیف حسین نے 29 اور کپتان شکیب الحسن نے 23 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 147 رنز بناپائی۔ میچ کی آخری گیند پر نو بال نے سنسنی خیز مذید بڑھادی۔ زمبابوے کو آخری گیند پر جیت کیلئے 5 رنز درکار تھے۔
مصدق حسین کی گیند پر بلیسنگ موزاربانی اسٹمپ آؤٹ ہوئے اور بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے جشن منایا شروع کردیا۔ زمبابوے کے پلیئر بھی ڈریسنگ روم واپس چلے گئے۔
ٹی وی امپائر کے دیکھنے پر غلط انداز میں اسٹمپ کرنے پر گیند نوبال قرار پائی۔ نور الحسن نے وکٹ کیپنگ کرتے ہوئے گیند وکٹوں کے آگے سے پکڑ کر اسٹمپ کی جس پر نوبال قرار دی گئی۔
آخری گیند دوبارہ کروائی گئی اور اب زمبابوے کو جیت کیلئے 4 رنز درکار تھے لیکن مصدق احمد کی گیند پر موزاربانی ایک بار پھر کوئی شاٹ نہ کھیل سکے اور اس طرح بنگلہ دیش نے 3 رنز سے میچ جیت لیا۔
زمبابوے کے سین ولیمز 64 اور ریان برل 27 رنز بناکر نمایاں رہے۔ بنگلہ دیش کے تسکین احمد نے 3 ، مصدق حسین اور مستفیض الرحمان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
میچ میں زمبابوے کی شکست کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں برقرار رہیں۔ پاکستان کو اب زمبابوے کی بھارت اور نیدرلینڈز کے خلاف بھی کسی ایک میچ میں شکست کی دعا کرنی ہے اور اپنے تمام میچز جیتنے کے ساتھ جنوبی افریقہ کے بھی بھارت یا نیدرلینڈز کے خلاف ہارنے کا انتظار کرنا ہے۔