کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں آج صبح 2 منزلہ مکان اچانک زمین بوس ہوگیا۔ مکان گرنے کے نتیجے میں ایک خاتون اور ایک بچی جاں بحق ہوگئے جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔
کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سعیدآباد میں علی الصبح ایک مکان کی اوپر منزل دھماکے سے نیچے کی منزل پر گر گئی جس کے نتیجے میں رہائشی فیملی ملبے تلے دب گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مکان گرنے کے حادثے میں ایک خاتون اور بچی جاں بحق ہوئی جبکہ 4 زخمیوں کوطبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے پچیس سالہ اظہرہ اور اس کی چار سالہ بچی زویہ کی لاش نکال لی جبکہ خاتون کی دوسری چند ماہ کی بیٹی زینب نوجوان بیٹے شاہد اور شوہر کو زخمی حالت میں ملبے سے نکال کر سول اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 25 اے بس اسٹاپ کے قریب مکان پر اوپر کی منزل دھماکے سے گری ہے، جس کے نتیجے میں ماں بیٹی جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ باقی گھر کے افراد زخمی ہیں تاہم موقع پر ریسکیو کا عمل جاری ہے۔