کراچی میں 8ہزار الیکٹرک بسیں چلانے کی تجویز,سندھ کابینہ نے 100بسوں کی منظوری دے دی

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں نیشنل انرجی اینڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن(این ای اینڈ ٹی سی) کی جانب سے 8 ہزار الیکڑک بسیں چلانے کی تجویز دی گئی۔تجویز میں کہا گیا کہ پہلے مرحلے میں 500 بسیں چلانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے،جن میں سے 50 پہلےہی چل رہی ہیں۔
دوسرے مرحلےمیں 1500 بسیں متعارف کرائی جائیں گی,جبکہ تیسرے مرحلے میں آئندہ چار سالوں کے دوران 4,000-6,000 بسیں چلائی جائیں گی ۔ تیسرے مرحلے کی تکمیل کے ساتھ چارجنگ انفرا اسٹرکچر، بس اسٹیشنز کی تعمیر اور ایک گیگاواٹ کے سولر پلانٹ کی تنصیب بھی شامل ہے۔
حکومت 30 مئی 2024 کو این ای ٹی سی کے پروپوزل کے تحت کرایہ پر خریداری ماڈل کے تحت 50 الیکٹرک بسوں ( 12 میٹرز) کے پائلٹ پروجیکٹ کی منظوری دے چکی ہے۔ کرایہ پر خریداری ماڈل کے تحت این ای ٹی سی 50 الیکٹرک بسیں خرید کر حوالے کی ہیں جو 220 روپے فی کلومیٹر کی سہولت کے ساتھ سالانہ 75 ہزار کلومیٹر کے کرائے کے تحت دستیاب ہیں۔ اس ماڈل کے تحت ڈیمانڈ رسک کا ذمہ دار آپریٹر ہوگا۔ یہ بسیں اس وقت کراچی کے چار اہم روٹس پر رواں دواں ہیں۔
منصوبے کی تکنیکی، مالیاتی اور قانونی پہلوؤں کی نگرانی کےلیے آزاد ماہرین کا تقرر کیا گیا ہے۔
کابینہ نے ایس ایم ٹی اے اور این ای ٹی سی کے درمیان جی ٹو جی بنیادوں پر کرایہ پر خریداری منصوبے کےلیے 100 بسوں کی فراہمی، تعمیر، آپریشن اور مینٹیننس کے معاہدے کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے آخری سہ ماہی ( اپریل تا جون 2025) کےلیے 412.50 ملین روپے کی منظوری دے دی جبکہ آئندہ آٹھ سال تک 100 الیکٹرک بسوں کی ماہانہ ادائیگی کےلیے 1.65 ارب روپے سالانہ مختص کرنے کی بھی منظوری دے دی۔

Spread the love
Leave a Reply