نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے شہر قائد کی امیج کو مزید بہتر بنانے کیلئے شہر کی اہم شاہراہوں و مقامات کو خوبصورت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق جناح ٹرمینل سے آنے اور واپس جانے والے لوگ شہر کے بارے میں بہت برا تاثر دیتے ہیں کیونکہ ٹرمینل سے شروع ہونے والی سڑک انتہائی گندی اور ناقص نظر آتی ہے اس لیے میں پہلے مرحلے میں وزیراعلی سندھ نے شاہراہ فیصل کو خوبصورت بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلی سندھ نے کے ڈی اے، کے ایم سی اور شہر کے نامور آرکیٹیکٹس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شارع فیصل کو خوبصورت بنانے کیلئے منصوبہ بندی کی جائے۔
ڈی جی کے ڈی اے طاہر سانگی نے وزیراعلیٰ کو ماحولیاتی پہلوؤں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مختلف مراحل کی تزئین و آرائش ، درختوں کی صفائی ستھرائی و بہتری، فوٹھ پاتھ اور آمدورفت کیلئے پیدل چلنے والے برجز کو خوبصورت کرنا مقصود ہے۔
ڈی جی کے ڈی اے نے وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ اس علاقے کو خوبصورت بنانے کیلئے اسٹریٹ فرنیچر، سائین بورڈز کی اسکیمیں، سائیز و معیاریں بل بورڈز کی ریگولیشن، اسٹریٹ لیمپ اور کراچی کے مخصوص شہری کردار کی عکاسی کرنے والے آرٹ ورک، یادگاریں، فوارے و آبی چوک تیار کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے آرکیٹیکٹس سے مشاورت کیلئے انھیں اجلاس میں مدعو کیا اور فلائی اوورز، اوور ہیڈ پیڈسٹرین پلوں اور سڑکوں کے مختلف نظرانداز حصوں کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں اہم مقامات سمیت بدصورت دکھنے والی اور ناپسندیدہ تعمیراتی اسٹرکچر کی بہتری کا فیصلہ کیا گیا جیسے کہ ایئرپورٹ سے باہر آتے ہی شاہراہ فیصل کا پہلا منظر جو کہ زائرین کیلئے انتہائی مایوس کن نظر آتا ہے۔
وزیراعلی سندھ جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ پہلے مرحلے میں فلکناز اپارٹمنٹ سے ڈرگ روڈ تک کے علاقے کو خوبصورت بنایا جائے گا اور پھر باقی علاقوں کی ترقی کی جائے گی۔