دبئی کے معروف مقام برج خلیفہ میں نئے سال کی آتش بازی شو کیلئےٹکٹوں کا اعلان کردیا گیا۔ برج خلیفہ پر ہر سال نئے سال کا جشن منانے کیلئے ہزاروں لوگ دنیا بھر سے آتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹکٹوں کی فروخت 10 نومبر سے پلاٹینیم لسٹ پر فروخت ہوگی، آتش بازی شو دیکھنے کے خواہشمند افراد 10 نومبر سے ٹکٹ خرید سکیں گے،جس میں بڑوں کے لیے ٹکٹ کی قیمت 300 درہم اور بچوں کے لیے 150 درہم رکھی گئی ہے۔جبکہ 5 سال کے کم بچوں کا داخلہ فری ہے۔
ٹکٹ کے ساتھ شہریوں کو کھانے کی سہولت بھی دی جائے گی۔ شہریوں کو ٹکٹ خریدنے پر ایک کھانے کی ڈیل اور 2 مشروبات ملیں گی۔ برج پارک میں کھانے کے مخلتف اسٹالز لگائے جائیں گے جہاں پر لائیو شو اور دیگر سہولتیں بھی ہوں گی،برج خلیفہ پارک کے دروازے شام 4 بجے تک کھلے رہیں گے۔
آدھی رات کے شو سے لطف اندوز ہونے کیلئے ہزاروں لوگ 31 دسمبر کی دوپہر کو ہی برج پارک میں ڈیرے ڈال لیتے ہیں،لاکھوں لوگ نئے سال کا جشن اپنی ٹیلی وژن سکرین پردیکھتے ہیں،لیکن برج خلیفہ پر شاندار آتش بازی کو دیکھنے کیلئے مخلتف ممالک سے لوگ دبئی کا رخ کرتے ہیں۔