کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں مسکن چورنگی کے قریب فاسٹ فوڈ کی دکان میں سلنڈر پھٹنے سے دھماکہ ہوا جسکے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے وقت دکان بند تھی اور اس میں مزید سلنڈرز موجود تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایس ایس پی ایسٹ عرفان علی بہادر کاکہنا ہے کہ دھماکے کے باعث 2راہگیر زخمی ہوئے ہیں جن کی حالت خطرے سےباہر ہے، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیاہے۔
ایس ایس پی ایسٹ عرفان علی بہادر کے مطابق دھماکےسے اپارٹمنٹ کےباہر کھڑی گاڑیوں کونقصان پہنچا، امدادی ٹیم جائے وقوعہ پر موجود ہے، ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔
بڑے حادثے سے قبل ہی علاقہ مکینوں کی جانب سے میئرکراچی کو آگاہ کرنے کا انکشاف کیاگیا ہے۔ اللہ نور اپارٹمنٹ کے مکینوں نے جولائی 2023 کو خط لکھا تھا، علاقہ مکینوں نےتجاوزات اورگیس سلنڈر استعمال کےخلاف درخواست بھی دی تھی جبکہ کمشنر کراچی، پولیس سمیت ہرفورم پرشکایت کی گئی تھی۔
علاقہ مکینوں کاکہنا ہے کہ کسی نےہماری نہیں سنی، آج دو ڈھائی کروڑ کی گاڑیوں کا نقصان ہوا، اللہ نور اپارٹمنٹ کے نیچے فوڈ اسٹریٹ بن چکی ہے جس میں یہ چوتھا دھماکاہے، ہماری عمارت اور فلیٹس مخدوش ہوچکے ہیں اس نقصان کی ذمہ دارانتظامیہ ہے۔