محکمہ موسمیات نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اگلے ہفتے ابر رحمت برسنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ شہرقائد میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کی شام سے مون سون ہواؤں کا سلسلہ مشرقی سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے زیر اثر کراچی ڈویژن میں 20 ستمبر تک وقفے وقفے سے گرچ چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اتوار تک موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ شہر میں درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا مطلع آج جزوی ابر آلود رہے گا، کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
شہر قائد میں بارش سے متعلق محکمہ موسمیات نے کہا کہ شہر میں 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغربی ہوا چل رہی ہے، البتہ آج کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔