دورہ سری لنکا پر پاکستان کرکٹ ٹیم نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے پہلے ٹیسٹ میچ میں 4وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔ پاکستان کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی۔
گال کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں 312 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔ سری لنکا کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا 122 اور انجیلو میتھیوز 64 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ آغا سلمان نے بھی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 461 رنز اسکور کئے اور سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں 149 رنز کی برتری حاصل کی۔ سعود شکیل نے کیرئیر کی پہلی ڈبل سینچری اسکور کی اور 208 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ آغا سلمان نے بھی 83 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پرباتھ جے سوریا نے 3 ، کاسون رجیتھا اور وشووا فرنینڈو نے ایک ایک آؤٹ کیا۔
سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھاسکی اور پوری ٹیم 279 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔ دھننجایا ڈی سلوا نے دوسری اننگز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 82 رنز بنائے۔ نشان مدھوشانکا نے 52 رنزبنائے۔ ابرار احمد اور نعمان علی نے تین تین آؤٹ کئے
پاکستان کو جیت کیلئے 131 رنز کا ہدف ملا جو انہوں نے 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ امام الحق نے دوسری اننگز میں پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 50 رنز کی اننگز کھیلی۔
جیت کے ساتھ پاکستان کو دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں بھی قیمتی پوائنٹس مل گئے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2023 سے 2025 سائیکل کا حصہ ہے۔