ہوائی اڈوں کو آؤٹ سورس کرنے کے لیے قائم کردہ اسٹیئرنگ کمیٹی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی سروسز آؤٹ سورس کرنے کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ اسحاق ڈار نے 12 اگست تک تمام رسمی کاروائیاں مکمل کرنے کی گائیڈ لائنز جاری کردیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ملک کے پہلے ایئر پورٹ کے آپریشنز کو آؤٹ سورس کرنے کیلیے پیرامیٹرز کے تعین بارے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے اسٹیک ہولڈرز سے کہا کہ وہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے آپریشنز کو آؤٹ سورس کرنے کے لیے 12 اگست تک تمام رسمی کارروائیوں کو حتمی شکل دے دیں۔ اجلاس میں مسافروں کو خدمات کی فراہمی کو بہترین بنانے کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ تیزی سے مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے سول ایوی ایشن قوانین میں ترامیم اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی تنظیم نو کے منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے متعلقہ محکموں کو ایک ڈیڈ لائن بھی دی۔
یہ ترامیم پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، پی آئی اے اور ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس کے کاموں کو الگ کرنے کے لیے کی جارہی ہیں۔ اس کا مقصد آرڈیننس نافذ کرکے ان تنظیموں کی اوور لیپنگ ذمہ داریوں کو ختم کرنا ہے۔