سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ میری خواہش ہے کہ بلاول وزیراعظم پاکستان بنے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نواب شاہ میں زرداری قبیلے کے افراد اور منتخب بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ اپنی زندگی میں بلاول کو وزیراعظم دیکھنا چاہتا ہوں۔
زرداری ہاؤس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا ہم موجودہ حکومت کا حصہ نہ بنتےتو 2035 تک وہی ٹولہ اقتدار میں رہتا۔
ان کا کہنا تھا سابقہ حکمران ٹولہ ملک میں بادشاہت قائم کرنا چاہتا تھا، فارغ کی گئی حکومت اقتدار میں رہتی توہم دنیا میں کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہتے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں نے سندھ کا اسٹرکچر تباہ کر دیا جسے بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ملک کی معاشی بدحالی اور بےروزگاری کا اندازہ ہے، اقتدار میں آئے تو روزگار دیں گے۔
آصف زرداری کا کہنا تھا آئندہ حکومت پیپلز پارٹی بنائے گی اور بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم ہوں گے، آپ نے جس طرح میرا ساتھ دیا اب بلاول بھٹو اور آصفہ کا ساتھ دیں۔ آپس میں اتحاد اور اتفاق قائم رکھیں، آنے والی نسلوں کے لیے کام کریں محنت کریں۔