ملکی معاشی صورتحال، ڈالر کی کمی اور ایل سیز نہ کھلنے کے باعث بندرگاہوں پر کئی ہفتے سے کنٹینرز پھنسے ہوئے ہیں جن پر ہر گزرتے دن کے ساتھ جرمانے میں اضافہ ہورہا ہے لیکن وزارت بحری امور نے تمام کنٹینرز کے جرمانے معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ فیصل سبزواری نے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا کہ بندرگاہوں پر پھنسے کنٹینرز سے کاروباری طبقے کو مشکلات ہیں۔
کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے وزارت بحری امور نے فیصلہ کیا ہے کہ اس ضمن میں بندرگاہوں کو ملنے والی جرمانوں کی رقوم کو معاف کیا جائے اور ساتھ ہی ٹرمینلز کی جانب سے عائد جرمانوں میں خاطر خواہ کمی کی کوشش کی جائے۔
اس مشکل وقت میں کاروباری طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کر کے ہی معیشت میں استحکام کی کوشش ہو سکتی ہے، اس ضمن میں وزارت کے حکام کاروباری برادری کے اہم نمائندوں سے ملاقات کرکے مزید اقدامات پر مشاورت کریں گے۔ 2 @MaritimeGovPK @official_kpt @QasimPort
— Faisal Subzwari (@faisalsubzwari) January 19, 2023
وفاقی وزیر برائے بحری امور نے نجی ٹرمینلز پر بھی جرمانوں کی رقوم پر رعایت دینے کا کہا اور بتایا کہ ٹرمینلز کی جانب سے عائد جرمانوں میں کمی کی کوشش کی جائے۔
فیصل سبزواری نے سلسلہ وار پیغامات کے دوسرے پیغام میں لکھا کہ اس مشکل وقت میں کاروباری طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کر کے ہی معیشت میں استحکام کی کوشش ہو سکتی ہے۔
وزارت بحری امور کے حکام اس ضمن میں کاروباری برادری کے اہم نمائندوں سے ملاقات کرکے مزید اقدامات پر مشاورت کریں گے۔