کراچی کے علاقے صدر میں تیزاب پھینکنے کے نتیجے میں ایک شہری شدید جھلس گیا جسے ٹریفک پولیس اہلکار نے موٹر سائیکل پر بٹھا کر اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں نامعلوم ملزم ایک شہری پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا، تیزاب گردی کا واقعہ صدر رینبو سینٹر کے قریب پیش آیا۔
تیزاب گردی سے شہری کی حالت تشویش ناک ہے جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکار اپنی موٹر سائیکل پر متاثرہ شہری کو اسپتال لے گیا۔
پولیس کے مطابق اسکول کے 2 بچے اور ان کا والد بھی تیزاب کی زد میں آئے، تیزاب نے بچوں اور والد کو نقصان نہیں پہنچایا، صرف چھینٹے گرنے سے کپڑوں کو نقصان پہنچا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہری کے مطابق وہ تیزاب پھینکنے والے شخص کو نہیں جانتا۔ معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی اور تیزاب پھینکنے والے شخص کی تلاش جاری ہے۔