کراچی میں مسلسل پانچ دنوں سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ تیز ہوگیا ہے۔ ملیر ندی میں بھی سیلابی ریلے نے کورنگی کاز وے کو لپیٹ میں لے لیا۔ سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔
بارش کے دنوں میں حسب روایت کورنگی کازوے روڈ پانی میں ڈوب گیا ہے۔ قیوم آباد چورنگی سے کورنگی کی طرف آنے والے روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔
کورنگی کازوے بند ہونے کے باعث ٹریفک کو جام صادق فلائی اوور سے گودام چورنگی اور پھر وہاں سے کورنگی جانب موڑا جارہا ہے۔
گودام چورنگی سے محمودآباد کی جانب جانے والے کازوے روڈ کو بھی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ دونوں کازوے بند ہونے کے باعث جام صادق فلائی اوور پر ٹریفک کا بے پناہ دباؤ ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں کاز وے کو پانی کی سطح زیادہ ہونے کی وجہ سے بند کیا گیا ہے۔ پانی کا بہاؤ معمول پر آنے پر دونوں سڑکیں ٹریفک کیلئے کھول دی جائیں گی۔
واضح رہے کراچی میں گزشتہ 5 دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی شہر میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔