جنوبی ایران میں 6.1 شدت کے زلزلے سے کئی علاقے لرز اٹھے۔ زلزلہ سے ایران میں 5 افراد جاں بحق اور 22 افراد زخمی ہوگئے۔ زلزلہ کے جھٹکے کئی خلیجی ممالک میں محسوس کئے گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابوظبی، دبئی شارجہ عجمان، راس اور الخیمہ میں زلزلے کے شدید جھٹکےمحسوس کیے گئے۔ یورپی بحیرہ روم زلزلہ مرکز کے مطابق زلزلہ ایران کے جنوب میں آیا، جس کی گہرائی 10 کلو میٹر اور شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی ہے۔
زلزلے سے عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، زلزلے کا مرکز ایران کی بندر گاہ لنگہ ہے، جو اماراتی ریاست شارجہ سے 150 کلومیٹر کی دوری پر ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس زلزلے کے بعد ملک میں 6.3 شدت کے مزید دو زلزلے بھی آئے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق صوبہ ہرمزگان میں ایمرجنسی مینجمنٹ کے سربراہ مہرداد حسین زادہ نے بتایا کہ زلزلے میں پانچ افراد جاں بحق ہوئے اور 22 سے زائد زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا جا چکا ہے، ریسکیو کا کام جاری ہے اور ہم ایمرجنسی بنیادوں پر رہائش کے لیے ٹینٹ فراہم کررہے ہیں۔