کرپشن ، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی نے ٹرین مارچ نکالنے کا اعلان کیا تھا۔ جسکا آج رحیم یار خان سے آغاز ہوگیا ہے۔ امیرجماعت اسلامی سراج الحق ٹرین مارچ کی قیادت کریں گے۔
جماعت اسلامی کا ٹرین مارچ رحیم یار خان سے خان پور، لیاقت پور، ڈیرہ نواب صاحب، سمہ سٹہ سے ہوتا ہوا سوا گیارہ بجے بہاولپور پہنچے گا، جہاں سے لودھراں اور شجاع آباد سے ہوتا ہوا ملتان جائے گا، ٹرین مارچ کے پہلے روز کے اختتام پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق عوامی استقبالیہ سے خطاب کریں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ مارچ کے دوران امیر جماعت اسلامی سراج الحق 50 چھوٹے بڑے مقامات پر خطاب کریں گے۔
چھبیس جون کو ٹرین مارچ دن 1 بجے ملتان سے لاہور کے لئے روانہ ہوگا۔ سراج الحق خانیوال ، میاں چنوں ، چیچہ وطنی ، ساہیوال ، اوکاڑہ ، پتو کی ، کوٹ رادھا کشن ، رائے ونڈ ، کوٹ لکھپت میں استقبالیہ جلسوں کے شرکا سے خطاب کریں گے اورلاہور ریلوے اسٹیشن کے باہر بعد نماز مغرب بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔
ستائیس جون کو ٹرین مارچ کے تیسرے اور آخری مرحلے میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق ریل کار ایکسپریس کے ذریعے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوں گے۔
امیر جماعت سراج الحق گوجرانوالا ،وزیر آباد، گجرات، لالہ موسیٰ، جہلم، گوجر خان میں استقبالیہ جلسوں جب کہ راولپنڈی پہنچ کر ریلوے اسٹیشن کے باہر بڑے اختتامی جلسے سے خطاب کریں گے۔
اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کے دوران امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ قوم کو معاشی غلامی سے نجات دلانا بھی جہاد ہے۔ تمام معاشی ماہرین دیوالیہ کے قریب ہونے کا اعتراف کرتے ہیں۔ مسئلہ ایک ہی ہے کہ خرچ زیادہ ہے اور آمدن کم ہے۔