معروف ٹی وی اینکر پرسن اور سابق ممبر قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے عدالتی حکم پر پوسٹ مارٹم کے لئے میڈیکل بورڈ کی تشکیل کردی گئی ہے۔ عامر لیاقت حسین کی قبر کشائی جمعرات کو کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کے لئے پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کی سربراہی میں 6 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جس میں ایڈیشنل پولیس سرجن شاہد نظام، ایچ او ڈی فارنزک میڈیسن پرویز مخدوم، فارنزک ایکسپرٹ ڈاکٹر ہری رام لوہانہ، ڈاکٹر گلزار علی سولنگی اور ایم ایل اور ڈاکٹر اریب بقائی شامل ہیں۔
ٹوٹی فکیشن کے مطابق 23 جون بروز جمعرات کی صبح ساڑھے 9 بجے عامر لیاقت حسین کی قبرکشائی کی جائے گی اور انکے جسد خاکی کو قبر سے نکال کر پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو انکی خواہش کے مطابق عبداللہ شاہ غازی کے مزار سے متصل قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا تھا۔
دوسری جانب عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ بشری اقبال نے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ بشری اقبال نے جوڈیشل مجسٹریٹ سے فیصلے کی کاپی حاصل کرلی ہے اور اب اسکے خلاف اپیل دائر کی جائے گی۔
واضح رہے شہری کی جانب سے دائر درخواست پر عدالت نے 18 جون کو عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کرنے کا حکم دیا تھا۔ شہری کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں عامر لیاقت حسین کے قتل کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔
عامر لیاقت حسین 9 جون کو اچانک انتقال کر گئے تھے، وہ اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، ڈاکٹرز نے عامر لیاقت حسین کی موت کی تصدیق کی تھی۔
انتقال کے بعد پولیس کی کوششوں کے باوجود عامر لیاقت حسین کے اہلخانہ نے پوسٹ مارٹم سے انکار کردیا تھا۔ پوليس حکام کا موقف تھا کہ موت کی وجہ کا تعين نہ ہونے کی وجہ سے پوسٹ مارٹم ضروری ہے۔
عامر لياقت کے اہل خانہ نے عدالت سے رجوع کيا تھا اورجوڈيشل مجسٹريٹ کے ہمراہ پوليس سرجن کی جانب سے معائنہ کرنے کے بعد ميت ورثا کے حوالے کردی گئی تھی جسکے بعد عامرلیاقت کو عبداللہ شاہ غازی سے متصل قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا تھا