ایڈمنسٹریٹر کراچی ، ترجمان حکومت سندھ اور وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ کے مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شاہ فیصل کالونی ڈرگ روڈ میں نوتزیئن شدہ اعظم فٹبال گراؤنڈ کا افتتاح کیا۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کھیلوں کے میدان، اوپن اسپیس اور پارکوں کو آباد کررہے ہیں۔
اعظم فٹبال گراؤنڈ کا افتتاح کرنے پر خوشی ہے، یہ گراؤنڈ 3 ایکٹر پر پھیلا ہوا ہے، کے ایم سی نے صرف 6 ماہ میں اسکی تزین و آرائش کی اور گراؤنڈ کو پانی کی فراہمی کا انتظام کرکے اسے ڈی ایم سی کے حوالے کردیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی میں کھیلوں اور تفریحات کی سہولتیں ختم ہوگئی تھیں لیکن کراچی کے نوجوان باصلاحیت ہیں انہیں سہولتیں اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کراچی نے مختلف کھیلوں سے متعلق عالمی سطح کے کھلاڑی پیدا کئے ہیں۔ نوجوانوں کو سہولیات میسر ہوں تو ایک بار پھر اس شہر کے باصلاحیت جوان عالمی سطح پر خود کو منواسکتے ہیں۔
مرتضٰی وہاب کا مذید کہنا تھا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے اور اس شہر کی ترقی پاکستان پیپلز پارٹی کا ویژن ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے ویژن کے مطابق ہی کراچی شہر میں ترقیاتی کام کئے جارہے ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔