پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے دارالحکومت اسلام آباد میں 27 مارچ کو ہونے والے جلسے کے لیے اپنے پرانے موسیقار اور ساؤنڈ سسٹم ساتھی محمد آصف عرف ڈی جے بٹ کی خدمات حاصل کرلیں۔
پی ٹی آئی کے مقامی رکن قومی اسمبلی اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے تصدیق کی کہ شرکا کا جوش بڑھانے کے لیے ڈی جے بٹ کی خدمات حاصل کرلی گئیں۔ ڈی جے بٹ کے ساتھ 2014 کی احتجاجی تحریک میں ساؤنڈ اور میوزک سسٹم فراہم کرنے پر ہونے والے تنازعات حل ہو چکے۔
معروف ساؤنڈ سسٹم آپریٹر آصف نذر عرف ڈی جے بٹ اپنی موسیقی اور سروں سے پی ٹی آئی کے جلسے میں شرکا کا لہو گرمائیں گے۔ سماء نیوز کے مطابق ڈی جے بٹ نے نیا گیت بھی تیار کرلیا ہے جو وہ جلسے میں پیش کریں گے۔
ڈی جے بٹ کو پہلی بار 2014 میں اس وقت شہرت ملی تھی جب کہ انہوں نے پی ٹی آئی کی جانب سےاسلام آباد میں کیے گئے 126 دن کے احتجاجی دھرنے میں میوزک اور ساؤںڈ سسٹم فراہم کیا تھا۔
پی ٹی آئی کو بھاری ساؤنڈ سسٹم فراہم کرنے پر اس وقت کی حکومت نے ڈی جے بٹ پر مقدمات بھی قائم کیے تھے اور انہوں نے عدالتوں میں مقدمات کا سامنا بھی کیا تھا۔