کراچی کے علاقے شیر شاہ میں پراچہ پل پر تیز رفتار ٹرالر نے موٹرسائیکل سوار کو روند ڈالا۔ حادثے میں موٹرسائیکل پر سوار خاتون اور مرد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے ڈرائیو کو گرفتار کرلیا۔
حادثہ شیر شاہ میں گلبائی سے بلدیہ کی جانب جانے والی سڑک پر پیش آیا۔ پولیس کے مطابق تیز رفتار ٹرالر نے موٹرسائیکل سوار جوڑے کو کچل ڈالا۔ جن کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لئے سول اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔ ٹریفک حادثے میں ہلاک خاتون اورمرد کی شناخت فوری طور پر نہ ہوسکی۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ حادثے کا ذمہ دار ٹرالر ڈرائیو ر موقع سے فرار ہوگیا تھا جسے بلدیہ ٹاؤن سے گرفتار کرلیا گیا جبکہ ٹرالر بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
کراچی میں گزشتہ چند ہفتوں میں ٹریفک حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گزشتہ روز بھی نیٹی جیٹی پل کے قریب تیزرفتار ٹرالر کی ٹکر سے موٹرسائیکل پر سوال باپ اور دو بیٹے جاں بحق ہوگئے تھے۔ چند روز قبل بھی تیزرفتار ڈمپر نے یونیورسٹی روڈ پر جامعہ کراچی کی ایک طالبہ کو کچل دیا تھا۔
اعداد وشمار کے مطابق 2022 کے آغاز سے اب تک 150 سے زائد افراد کراچی میں ٹریفک حادثات کے نتیجہ میں لقمہ اجل بن چکے ہیں۔