موسم بہتر ہونے پر شمالی علاقہ جات میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے گلگت اور اسکردو کے لئے آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گلگت اور اسکردو کے لئے 13 مارچ سے پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔
پی آئی اے کے مطابق اب اسلام آباد کے بعد ملک کے دیگر حصوں سے بھی شمالی علاقہ جات کے لئے پروازیں آپریٹ ہوں گی۔ ملک کے دو بڑے شہر کراچی اور لاہور سے گلگت اور اسکردو کیلئے پروازیں شروع کی جائیں گی۔
پروازوں کے آغاز کا مقصد موسم بہتر ہوتے ہی شمالی علاقہ جات کیلئے سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ ابتدائی طور پر لاہور سےگلگت اور اسکردو جبکہ کراچی سے اسکردو کی پرواوزں کا آغاز کیا جائے گا۔
پی آئی اے نے گزشتہ سال ملک کے تمام حصوں سے شمالی علاقہ جات کی پروازیں چلائی تھیں۔ پی آئی اے کی پروازوں سے ایک لاکھ 81 ہزار سے زائد سیاح سکردو اور گلگت کی سیاحت کے لیے پہنچے۔