لاہور: تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی انتقال کر گئے ہیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق خادم حسین رضوی گزشتہ چند روز سے علیل تھے۔
طبعیت خراب ہونے پر انھیں شیخ زید ہسپتال لے جایا گیا تھا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق خادم حسین رضوی جب ہسپتال پہنچے تو انتقال کر چکے تھے۔
خادم حسین رضوی کی میت ان کی رہائش گاہ ملتان روڈ پر پہنچا دی گئی ہے، خاندانی ذرائع کے مطابق خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ آج لاہور میں ادا کی جائے گی۔
مولانا خادم حسین رضوی صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک میں 22 جون 1966 کوپیدا ہوئے،انہوں قران پاک حفظ کیا ہوا تھا۔ انھیں عربی اور اردو کے علاوہ فارسی زبان پر بھی عبور تھا۔ عرصہ قبل ان کا ٹریفک حادثہ ہوا تھا جس کی وجہ سے وہ معذور تھے اور چل نہیں سکتے تھے۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان، چیف آف آرمی اسٹاف قمر باجوہ ،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کرتے ہوئے اپنے بیان میں مرحوم کی کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔