کراچی میں جامعہ کراچی کے قریب واٹرکارپوریش کی 84 انچ قطر کی مرکزی پانی کی لائن لیک ہوگئی ہے۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق سی ای او احمدعلی صدیقی نے فوری طور پر مرمتی کام کے احکامات جاری کردئے ہیں۔ متعدد علاقوں کو پانی کی فراہمی متاثر ہوسکتی ہے۔
ترجمان واٹرکارپوریشن کے مطابق صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے لائن میں پانی کے پریشر کو کم کر دیا گیا ہے تاکہ مرمت کا عمل محفوظ طریقے سے شروع کیا جا سکے۔ مرمت کا کام 24 گھنٹے جاری رہے گا اور اسے 96 گھنٹوں میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق مرمتی کام کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر رہے گی۔ متاثرہ علاقوں میں جمشید ٹاؤن، جناح ٹاؤن، لیاقت آباد، ناظم آباد، پاک کالونی، گولیمار، شیرشاہ، اولڈ سٹی ایریا، لانڈھی، کورنگی، اور پی اے ایف بیس مسرور شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق کراچی کو یومیہ 650 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے، تاہم مرمتی کام کے دوران شہر کو 250 ایم جی ڈی کی کمی کا سامنا ہوگا، جب کہ 400 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی بدستور جاری رکھی جائے گی۔