پاکستان سے حج آپریشن 2025 کا آغاز ہوگیا۔ قومی ایئرلائن کی پہلی حج پرواز 442 عازمین کو لے کر اسلام آباد سے صبح 4 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہوئی اور مدینہ منورہ پہنچی۔
عازمین حج کو وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، اور پی آئی اے کے سی ای او ائیر وائس مارشل عامر حیات نے رخصت کیا۔ اس موقع پر عازمین کو خصوصی تحائف بھی دیے گئے۔
کوئٹہ سے پہلی پرواز صبح 10 بجے روانہ ہوئی جبکہ کراچی سے پہلی پرواز آج رات 9 بج کر 39 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوگی۔ گورنرسندھ کامران ٹیسوری عازمین حج کو رخصت کریں گے۔ لاہور سے پہلی حج پرواز رات 10 بجے مدینہ روانہ ہوگی۔
پہلے مرحلے میں حجاج کرام کی خصوصی پروازیں پاکستان سے مدینہ کے لیے روانہ ہوگی جبکہ دوسرے مرحلے میں جدہ جائیں گی۔ جدہ کیلئے حج آپریشن کا آغاز 14 مئی سے شروع ہوگا۔
اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ پر سعودی حکومت کی اشتراک سے طریق مکہ (روڈ ٹو مکہ) کی سہولیات دستیاب ہوں گی جس سے حجاج سعودی امیگریشن پاکستان سے کروا کے جائیں گے۔پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا۔