کراچی سمیت سندھ بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلاکر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد پولیو مہم 27 اپریل تک جاری رہے گی۔ کراچی میں دو لاکھ 76 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی جبکہ صوبے بھر میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے دئے جائیں گے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کو پولیومہم پربریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق تقریباً 69724 تربیت یافتہ پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے جبکہ کراچی میں 20 ہزار سے زائد انسدادِ پولیو ورکرز مہم کا حصہ ہیں۔
صوبے بھر میں پولیو ورکرز کی حفاظت کیلئے25 ہزار 360 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور کراچی میں 5 ہزار سے زاٸد سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے گرمی کے باعث پولیو ورکرز کو اپنے ہمراہ پانی، او آر ایس اور ضروری سامان لازمی ساتھ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے والدین کو پیغام دیا ہے کہ پولیو ورکرز کا خیرمقدم کریں اور انکے ساتھ تعاون بچوں کو قطرے لازمی پلائیں۔ واضح رہے کہ رواں سال پاکستان میں 6 پولیو کیسز میں سے 4 سندھ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔